نیب انکوائری کا دباؤ، اسلام آباد میں گریڈ 22 کے افسر خرم ہمایوں نے مبینہ طورپر اپنی جان لے لی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد میں گریڈ 22 کے کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس خرم ہمایوں نے مبینہ خودکشی کر لی۔تفصیلات کے مطابق کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس خرم ہمایوں نے کل صبح گھر پر سر میں گولی مار کر خودکشی کی۔ پولیس کے مطابق خرم ہمایوں کی نعش نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کے گھر سے ملی ہے۔ خرم ہمایوں کے سر میں گولی لگی ہوئی ہے۔ وہ آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس گروپ کے گریڈ 22 کے افسر تھے۔روات پولیس نے کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس خرم ہمایوں کی مبینہ خودکشی کی تصدیق کر کے بتایا کہ خرم ہمایوں نے سر میں گولی مارکر خودکشی کی۔ نیب خرم ہمایوں کے خلاف پی آئی ایس پی میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر رہا تھا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ خرم ہمایوں اپنے خلاف نیب کی کارروائی کے باعث شدید دباؤکا شکار تھے۔ وہ کئی روز سے نوکری چھوڑنے یا لمبی چھٹی پر جانے کا سوچ رہے تھے۔پولیس نے بتایا کہ اے جی پی آر کے کنٹرولر اکاونٹس جنرل خرم ہمایوں راولپنڈی کی نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں رہائش پذیر تھے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق خرم ہمایوں نے ذاتی پریشانیوں سے تنگ آکر مبینہ خودکشی کی ہے۔تھانہ روات پولیس کی نفری موقع پر پہنچ کر تحقیقات کررہی ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا جائے گا، مبینہ خودکشی سمیت دیگر پہلوں پر بھی تفتیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں