مولانا فضل الرحمان کو منائیں اور ان کی سرپرستی میں پی ڈی ایم کو چلائیں، نواز شریف

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے متعلق اپنی صاحبزادی مریم نواز کو اہم ہدایت جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے سینئررہنما خواجہ آصف کو گذشتہ روز اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا جس کے بعد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز سے رابطہ کیا۔ نواز شریف نے لندن سے مریم نواز کو ہدایت کی کہ وہ مولانا فضل الرحمان کو منائیں اور ان کی سرپرستی میں پی ڈی ایم کو چلائیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور جمیعت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی آج ملاقات بھی طے ہے۔اس ملاقات کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گی اور ملاقات مولانا فضل الرحمان کے گھر پرشام 7:30 بجے ہو گی ۔ ملاقات میں پی ڈی ایم اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا جبکہ ملاقات میں خواجہ آصف کی گرفتاری ، اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات ہو گی۔ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کے لاڑکانہ میں عدم شرکت پر مریم نواز مولانا کی ناراضگی کو دور کرنے کی کوشش کریں گی اور انہیں منائیں گی کہ مل کر چلیں گے، اسی لئے آپ کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم اتحاد کو لیڈ کرنے والے اور اسمبلیوں سے مستعفی ہو کر حکومت مخالف لانگ مارچ کرنے کے حامی مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف دونوں رہنماؤں کو منگل کے روز سیاسی دھچکے لگے ۔ ایک جانب جمیعت علمائے اسلام (ف) کا بڑا دھڑا جماعت سے الگ ہوگیا، تو دوسری جانب پی ڈی ایم میں شامل پیپلز پارٹی نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کو نواز شریف کی واپسی سے مشروط کر دیا تھا جبکہ مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما خواجہ آصف کو بھی گرفتار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں