اپنی بات پر اب بھی قائم ہوں ، بشیر میمن

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے کہا ہے کہ اپنی بات پر اب بھی قائم ہوں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اپنے ایک مختصر بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا تو انہیں تلملانے کی ضرورت نہیں ہے ، اور نہ ہی میرے خلاف کسی قسم کے ٹرینڈ چلانے کی ضرورت ہے تاہم میں اپنی بات پر اب بھی قائم ہوں۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بشیرمیمن کو صرف خواجہ آصف کے اقامے کی تحقیقات کا کہا تھا، بشیر میمن کو کہا

تحقیقات کریں یہ کیسے ممکن ہے وزیر خارجہ اور دفاع غیرملکی اقامہ رکھ کرتنخواہ لیتا ہو؟خواجہ آصف کیس کی تحقیقات کا فیصلہ کابینہ میں بھی کرچکے تھے۔انہوں نے سینئر صحافیوں اور اینکرپرسنز سے ملاقات میں گفتگو میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بشیر میمن کے الزامات بے بنیاد ہیں،بشیر میمن جو بھی بات کر رہا ہے جھوٹ اور لغو ہے ، بشیرمیمن کو اس سے پہلے کوئی خاص جانتا تک نہیں تھا ، بشیر میمن کو فائز عیسیٰ کے خلاف کبھی کیسز بنانے اور تحقیقات کا نہیں کہا، ریفرنس فائل کرنے کا کام بشیر میمن کا تھا ہی نہیں تو ان سے کیوں کہتا؟ بشیر میمن کو مریم نواز، ن لیگ یا پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کیخلاف بھی کیسز بنانے کا نہیں کہا ، خاتون اول کی تصویر کے معاملے میں مریم نواز پر دہشتگردی کا مقدمہ بنانے کا کبھی نہیں کہا۔انہوں نے کہا کہ بشیرمیمن صرف اومنی گروپ کی جےآئی ٹی میں پیش رفت پر بریف کرتے تھے ، بشیرمیمن نے آصف زرداری جےآئی ٹی کیسز پر ایک باراپ ڈیٹ کیا تھا ، لیکن میں نے ان کو کبھی کسی کے بارے میں کیس بنانے کا نہیں کہا ، کابینہ میٹنگ میں ضرور کہا تھا کہ خواجہ آصف کےخلاف تحقیقات ہونی چاہیے۔واضح رہےکہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے اُن الزامات کی تردید کی ہے جس میں بشیر میمن نے دعویٰ کیا ہےکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف انکوائری کے لیے شہزاد اکبر اور فروغ نسیم نے کہا جب کہ وزیراعظم نے بھی ان پر کچھ گرفتاریوں کے لیے دباؤ ڈالا۔وزیراعظم نے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے گفتگو میں کہا کہ بشیر میمن کو صرف خواجہ آصف کے اقامے کی تحقیقات کا کہا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں