الیکشن سے قبل پی ٹی آئی نے پیپلزپارٹی کی بری وکٹیں اڑالیں

مظفرآباد (نیوز ڈیسک ) آزاد کشمیر میں الیکشن سے قبل حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن سے قبل آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت کئی کارکنان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے ، اس سلسلے میں وفاقی وزرا مراد سعید اور علی امین گنڈا پور نے آزاد کشمیر کے علاقے آزاد پتن کا دورہ کیا جہاں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں جمیل احمد اور عدنان شاہ نے ان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اور آزاد کشمیر الیکشن میں حکمران جماعت کی حمایت کا اعلان کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر آزاد پتن میں پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی جلسہ بھی ہوا ، جس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پالش والی سی وی لے کر امریکہ چلا گیا ہے جب کہ مریم نواز کہتی ہے کشمیر سے رشتہ پرانا ہے، جس نے کشمیریوں سے زیادتی کی اس کو گھرکی شادیوں اور ڈھولکی پر بلایا گیا ، کشمیر کے سب سے بڑے مخالف جندال سے چھپ کر ملاقاتیں کی گئیں، مریم نوازکو مودی اور جندال سے رشتہ مبارک ہو، کشمیریوں سے کہتا ہوں ایسے لوگوں کے کشمیر میں داخلے بند کریں کیوں کہ ہم نے ن لیگ حکومت کو کشمیر میں 55 ارب روپے کا فنڈ دیا ، وفاقی حکومت کی جانب سے دیا گیا فنڈ ن لیگ نے غبن کیا، نواز شریف خود اربوں کھربوں کے غبن میں سزا یافتہ ہے، جس پارٹی کا سربراہ چور ہو اس کے امیدوار کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بچہ بچہ جانتا ہے زرداری نے بہن کو کشمیر کیوں بھیجا تھا ، فریال تالپور کشمیری بچوں کا 42 ارب روپے لوٹ کرلے گئیں ، پی پی والے کہتے ہیں کشمیر کو ترقی دیں گے مگر پہلے سندھ میں 30 سالہ حکومت کا حال تودیکھ لیں جہاں کراچی کو کچرے کا شہر بنادیا گیا ، تھوڑی سی بارش ہو تو شہر ڈوب جاتا ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آج کل مولانا فضل الرحمان لیڈر بنا پھر رہا ہے، کہتا ہے تبدیلی لاؤں گا ، جو اپنے گھر میں مسترد ہوگیا وہ کون سی تبدیلی لائے گا؟ مولانا فضل الرحمان نے اسلام کے نام پر ٹھیکیدار بن کے دھیلے کا کام نہیں کیا ، مولانا فضل الرحمان کو اس کے حلقے میں ضمانت ضبط کرا کر ہرا چکا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں