افغانستان کی حالیہ صورتحال، وزیر اعظم کا سابق افغان صدر سے رابطہ، عمران خان نے اہم دعوت دیدی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان اور افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں افغانستان کے استحکام اور سلامتی پر گفتگو کی گئی۔واضح رہے کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان افغان رہنماؤں کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ سابق صدر حامد کرزئی، صلاح الدین ربانی، افغان صدر کے نمائندہ خصوصی عمر داؤد زئی اور سابق وزیر خزانہ عمر زاخیوال کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔عمر زاخیوال اور عمر داؤد زئی نے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔قبل ازیں پاکستان نے افغانستان مسئلے پر خصوصی کانفرنس کا اعلان کر دیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان افغانستان مسئلے پر ایک خصوصی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور سابق صدر افغانستان حامد کرزئی میں رابطہ ہوا، مجوزہ کانفرنس میں حامد کرزئی سمیت افغان قیادت کو شمولیت کی دعوت دی گئی۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ امید ہے کانفرنس سے افغانستان کے مسائل کے حل کی نئی امید جاگے گی، کانفرنس کی تفصیلات جلد سامنے لائی جائینگی۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان آج ازبکستان میں جنوب اور وسط ایشیائی ملکوں کی کانفرنس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر تاشقند پہنچیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں