سندھ میں گریڈ 9 کے پٹواری نے اربوں روپے مالیت کے اثاثے بنا لیے

کراچی ( نیوز ڈیسک) صوبہ سندھ میں گریڈ 9 کے پٹواری نے اربوں روپے مالیت کے اثاثے بنا لیے، بورڈ آف ریونیو کا پٹواری ابوبکر جوکھیو ایک اہم افسر کا مبینہ فرنٹ مین ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کا گریڈ 9 کے ملازم کی جانب سے اربوں روپے مالیت کے اثاثے بنائے جانے کے انکشاف پر نیب نے بورڈ آف ریونیو کے پٹواری ابوبکر جوکھیو کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ، اس مقصد کے لیے نیب نے مختار کار گڈاپ سے ملنے والے ریکارڈ سے ریفرنس کے لیے رپورٹ تیار کرلی۔بتایا گیا ہے کہ ابوبکر جوکھیو کی اراضی سے متعلق نیب نے مختار کار سے رپورٹ طلب کی ،

نیب کی دستاویزات پر مختار کار نے اراضی کی تصدیقی رپورٹ ایک ماہ کی تاخیر سے جمع کرائی جس میں گریڈ 9 کے پٹواری ابوبکر جوکھیو کی دیہہ کاٹھور اور بولاری میں سیکڑوں ایکڑ اراضی کا انکشاف ہوا ، اراضی 3 سال میں ابوبکر جوکھیو کی فیملی ارکان کے نام پر منتقل کرائی گئی۔دوسری جانب شہر قائد میں ڈی ایس پی نے تاوان کیلئے کباڑی کو اغوا کرلیا، نوکری سے ہاتھ دھونا پڑگئے ، ڈی ایس پی ریپڈ رسپانس فورس الفلاح بیس فہیم فاروقی کو معطل کردیا گیا ، آرآر ایف الفلاح بیس میں تعینات ڈی ایس پی فہیم فاروقی کو کباڑی کے اغوا برائے تاوان کیس میں معطل کیا گیا ہے جب کہ ملزم کے دو ساتھی پولیس اہلکاروں کو پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے۔اس حوالے سے اے آئی جی آپریشن سندھ امیر شیخ نے بتایا کہ معطل ڈی ایس پی کا ایک ہفتے پہلے ہی آر آر ایف میں تبادلہ ہوا تھا ، جہاں فہیم فاروقی نے کباڑی کو اغوا کرکے تاوان وصول کیا ، اس حوالے سے ایس ایس پی نیول بیس علی رضا کو انکوائری سونپ دی گئی ہے، جب کہ ڈی ایس پی فہیم فاروقی کو معطل کرکے ان سے فوری طور پر پولیس موبائل بھی واپس لے لی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں