بلاول بھٹو نے کشمیر میں ریفرنڈم سے متعلق وزیراعظم کے مؤقف کی مخالفت کردی

کراچی(نیوز ڈیسک)عمران خان جب بھی منہ کھولتے ہیں کشمیر کے بارے میں غلطی کرتے ہیں، کشمیر کے عوام بےوقوف اور بکنے والے نہیں، بلاول بھٹو زرداری نے بھی کشمیر میں ریفرنڈم سے متعلق وزیراعظم کے مؤقف کی مخالفت کردی- تفصیلات کےمطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کشمیر میں ریفرنڈم سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے مؤقف کی مخالفت کردی۔میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھاکہ عمران خان جب بھی منہ کھولتے ہیں کشمیر کے بارے میں غلطی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کے عوام کو بیوقوف اور بکنے والا سمجھتے ہیں،

پہلے دن سے پیپلزپارٹی کا مؤقف یہی ہے کہ کشمیری عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خودکریں۔آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن پر پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ منصفانہ الیکشن ہوں تو آزاد کشمیرمیں پیپلزپارٹی ہی جیتے گی، جیالوں نے پہلے بھی دھاندلی کا مقابلہ کیا اب بھی کریں گے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کروانے کا وزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔ تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر موقف کو پوری قوم مسترد کرتی ہے ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہوگئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آ چکے ہیں۔تنازعہ جموں و کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف اور آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہو گا ۔ پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی موقف ہے۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر مسلط کرنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزاد کشمیر کو صوبہ بنانا چاہتا ہوں یہ بات کہاں سے آئی اس کا علم نہیں،

کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے بے حد قربانیاں دیں، پورا یقین ہےکہ کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی،کشمیریوں کوان کا حق ملےگا، میری حکومت ریفرنڈم کرائے گی کہ آپ فیصلہ کریں کہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہو یا آزاد؟ ریفرنڈم میں کشمیری اپنا فیصلہ خود کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی انتخابی مہم میں تراڑ کھل میں وزیراعظم عمران خان کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھاکہ اقوام متحدہ نے کشمیر کے لوگوں کو مستقبل کا فیصلہ کرنےکا حق دیا تھا، میرا ایمان ہےکشمیرکےلوگوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن آئے گا اور ریفرنڈم ہوگا اور آپ فیصلہ کریں گے کہ ہندوستان نہیں پاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ہیں، اس کے بعد میری حکومت ایک اورریفرنڈم کرائے گی جس میں کشمیر کے لوگوں سے پوچھیں گےکہ پاکستان کےساتھ رہناچاہتے ہویا آزاد رہنا چاہتے ہو؟ وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت تنقید کی ہے اور اسے پاکستان کے دیرینہ مؤقف سے انحراف قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں