غازی علوی کی وفات سے صحافت کا ایک باب ہمیشہ کیلئے بند ہو گیا، وفاقی وزیر اطلاعات

نیشنل پریس کلب میں سینئر صحافی غازی شاہد رضا علوی کا ختم چہلم، بڑی تعداد میں صحافیوں کی شرکت
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سینئر صحافی غازی شاہد رضا علوی کا ختم چہلم نیشنل پریس کلب میں ہوا، قرآن خوانی میں جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوںنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ کا کہنا تھا کہ مرحوم کی صحافت کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم اور سیکرٹری انور رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ہمیشہ مظلوم کی آواز بنے اور آزادی صحافت کیلئے صف اول میں موجود رہے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سینئر صحافی ، چیف ایڈیٹر روزنامہ ’’مبلّغ‘‘ غازی شاہد رضا علوی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کی وفات سے صحافت کا ایک باب ہمیشہ کیلئے بند ہو گیا۔اس موقع پر پاکستان فیڈریل یونین آف جرنلسٹس( ورکرز) کے صدر پرویز شوکت نے بزرگ صحافی ڈاکٹر غازی شاہد رضا علوی کے انتقال کو صحافت کیلئے زبردست نقصان قرار دیا، پرویز شوکت نے سینئر صحافی ڈاکٹر غازی شاہد رضا علوی کے انتقال پر دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ایمانداری، شفافیت غیر جانبدارای کو برقرار رکھتے ہوئے حق اور سچ کی آواز کو بلند کیا، غازی صاحب کے انتقال سے ہم ایک اچھے اور ایماندار صحافی سے محروم ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں