ملزم عابد کب تک گرفتار ہوجائے گا،صحافی کے سوال پر سی سی پی او لاہور کاحیران کن جواب

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سی سی پی او لاہور عمر شیخ موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری سے متعلق سوال کو ہنسی میں ٹال گئے ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کی طرف سے جب سی سی پی او لاہور سے سوال کیا گیا کہ موٹروے زیادتی کیس کا ملزم عابد کب تک گرفتار ہوجائے گا ؟ اس سوال پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ عجیب آدمی ہو یار ، بس کردو! دوسری طرف موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم پولیس کے لیے درد سر بن گیا ، جسے پولیس 11 روز بعد بھی پکڑنے میں ناکام رہی ، پولیس نے ملزم کے مختلف خاکے بھی جاری کر دیے

تاہم پنجاب پولیس موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کو 10 فٹ کے فاصلے سے پکڑنے میں ناکام رہی ۔موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد جمعرات کو سہ پہر 4 بجے پرانا ننکانہ میں اپنی سالی کشور بی بی سے ملنے گیا ، ملزم نے اپنی سالی سے رائے بلار بھٹی پارک میں ملاقات کی ، اس موقع پر پارک میں موجود کسی شخص نے پولیس کو بروقت اطلاع کی مگر پولیس 30 منٹ تاخیر سے پہنچی اور ایس ایچ او محض 3 اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچا ، ملزم عابد کو پولیس کی موجودگی کا پتا چل گیا ، اور وہ وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس اور ملزم کا درمیانی فاصلہ صرف 10 فٹ کا تھا ، پولیس بروقت اطلاع ملنے کے باوجود 30 منٹ تاخیر سے پہنچی حالانکہ تھانہ سٹی اور رائے بلار بھٹی پارک کا درمیانی راستہ صرف 5 منٹ سے بھی کم بتایا جاتا ہے ، اس طرح سانحہ گجر پورہ کا مرکزی ملزم پولیس کے ہاتھ میں آنے کے باوجود فرار ہوگیا ۔اس سے قبل بھی پولیس کی نااہلی کی وجہ سے سانحہ گجر پورہ کا مرکزی ملزم قصور میں بھی گرفتار ہونے سے بچ گیا تھا ، جب پولیس کو اطلاع ملی کہ ملزم قصور کی تحصیل راجہ جنگ میں اپنے رشتے دار کے گھر آئے گا ، انٹیلی جنس رپورٹ ملنے کے بعد پولیس کے کچھ افسران اور اہلکار عابد علی کے رشتے دار کے گھر جا کر بیٹھ گئے ، گزشتہ رات عابد علی جب رشتے دار کے گھر کے دروازے پر پہنچا تو اسے پولیس کی موجودگی کا شک ہوا ، ملزم گھر میں داخل ہونے کی بجائے پولیس کے سامنے سے فرار ہوگیا ، یہ تیسرا موقع تھا جب ملزم پولیس کے سامنے سے فرار ہوا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں