مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے تیار ہوجائیں

مکہ مکرمہ(نیوز ڈیسک) سعودی حکومت کی جانب سے دُنیا بھر کے مسلمانوں کو عمرہ کی مرحلہ وار بحالی کی خوش خبری سُنا دی گئی ہے۔ 4 اکتوبر کو پہلے مرحلے میں سعودی مملکت میں رہنے والے مقامی و غیر مقامی افراد کے لیے عمرہ کی اجازت دی گئی ہے، جس کے تحت یومیہ 6ہزار افراد عمرہ کریں گے۔ عمرہ کے عنقریب آغاز ہونے کے پیش نظر حرم مکی اور مسجد نبوی میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ پہلے مرحلے میں شہریوں اور مملکت میں مقیم 6 ہزار افراد کو 4 اکتوبر سے عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے جب کہ دوسرا مرحلہ 18

اکتوبر اور تیسرا مرحلہ یکم نومبر سےشروع ہوگا۔چوتھے مرحلے میں عمرہ، زیارت اور نمازوں کی 100 فیصد اجازت ہو گی اور یہ اجازت اس وقت دی جائےگی جب متعلقہ حکام وبا کےخطرات ختم ہونےکا فیصلہ کرلیں گے۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق اس وقت روزانہ کی بنیاد پر تعداد 20 ہزار معتمرین بڑھائی جائےگی جب کہ 60 ہزار افرادکو مسجدالحرام میں نماز اداکرنےکی اجازت ہوگی۔انتظامیہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو نئے کورونا وائرس سے محفوظ کرنے کے لیے متعدد انتظامات کیے ہیں۔ تھرمل کیمرے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔ ان کی خصوصیت یہ ہے کہ کوئی ایسا زائر اس کے سامنے سے گزرے گا جس کا درجہ حرارت حد سے زیادہ ہوگا تو یہ فورا ہی الارم سے مطلع کر دے گا۔موقع پر موجود انتظامیہ کے اہلکار متاثرہ شخص کے حوالے سے حفاظتی تدابیر اختیار کریں گے تاکہ کسی بھی زائر کو وائرس نہ لگے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ماسک پروگرام بھی متعارف کرایا ہے۔ اس کی بھی پابندی زائرین سے کرائی جائے گی۔ السدیس نے کہا کہ یہ اقدامات کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے خانہ کعبہ کو سینیٹائز کرنے کے کام میں بھی حصہ لیا۔ اوزون ٹیکنالوجی کی مدد سے خانہ کعبہ کو سینیٹائز کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں