معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم جز ہیں ، انہیں ہنر سکھا کر معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکتا ہے، راجہ عبدالقدیر

اسلام آباد ( پی کے نیوز) تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما راجہ عبد القدیر نے کہا ہے کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، انہیں احساس محرومی سے دور کرنا ہم سب کا فریضہ ہے، معذور افراد کی بحالی کے لیے احساس چاہیے، جب تک معذوروں کی بحالی کیلئے احساس پیدا نہیں ہوگا تب تک معذوروں کے حالات بہتر نہیں ہو سکتے، معذور ہونا جرم نہیں ہے ، جو لوگ ان کے ساتھ زیادتی کرتے ہیں اور ان کا حق نہیں دیتے انہیں خدا خوفی کرنی

چاہیے، عالمی سطح پر معذور افراد کو ریاست کی طرف سے سہولیات دی جاتی ہیں، ماضی کی حکومتوں نے اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا، تحریک انصاف معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے ساتھ کھڑی ہے، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو معذور افراد کی مشکلات کا احساس ہے اور اس حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ معذور افراد کو خصوصی ہنر سکھا کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکتا ہے۔