خصوصی افراد کی بحالی کیلئے تما م ڈویژن میں ادارے قائم کئے جائیں، خدیجہ زرین

اسلام آباد ( پی کے نیوز) سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کی چیئرپرسن محترمہ خدیجہ زرین نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت جہاں متعلقہ اداروں کی ذمہ دار ی ہے وہاں کار ثواب بھی ہے، معذور افراد کی مناسب دیکھ بھال کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا چاہیے، خاص طور پر خصوصی بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں، سدھن ایجوکیشنل کانفرنس معذور بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے کردار ادا کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ معذور افراد کو خصوصی ہنر سکھا کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکتا ہے،

اس سلسلے میں حکومت اور مخیر حضرات کو آگے آنا ہوگا، سب سے پہلے ڈویژن کی سطح پر معذور افراد کی بحالی کیلئے ادارے قائم کیے جائیں، اس سے بعد تحصیل اور اضلاع تک دفاتر قائم کیے جائیں ، ان کا کہنا تھا کہ معذور افراد ہماری توجہ کے مستحق ہیں، ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر معذور افراد کی فلاح و بہبود کیلئے ریاست اقدامات اٹھاتی ہے، پاکستان میں حکومت اس لحاظ سے بہت پیچھے، معذور افراد کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جانے چاہیں۔