خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوششیں کرنا ہماری اخلاقی ، سماجی اور مذہبی ذمہ داری ہے، خولہ خان

اسلام آباد ( پی کے نیوز) تحریک انصاف آزاد کشمیر کی رہنما خولہ خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کیو نکہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں انکے بنیادی حقوق کا خیال رکھنا بھی معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے، معذور افراد کے خصوصی دن کے موقع پر پی کے نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خولہ خان کا کہنا تھا کہ جب تک معذوروں کی بحالی کیلئے احساس پیدا نہیں ہوگا تب تک معذوروں کے حالات بہتر نہیں ہو سکتے، خصوصی افراد کیلئے معذور کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ انہیں ملک کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے. انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے

. سوچ ، احساس اور رویوں کی معذوری ہمارے معاشرے کو تنزلی کی جانب لے جارہی ہے، معذور ہونا جرم نہیں ہے ، جو لوگ ان کے ساتھ زیادتی کرتے ہیں اور ان کا حق نہیں دیتے انہیں خدا خوفی کرنی چاہیے، عالمی سطح پر معذور افراد کو ریاست کی طرف سے سہولیات دی جاتی ہیں، ماضی کی حکومتوں نے اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا، تحریک انصاف معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے ساتھ کھڑی ہے، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو معذور افراد کی مشکلات کا احساس ہے اور اس حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ معذور افراد کو خصوصی ہنر سکھا کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے رویے بدلنے ہونگے اور معذور افراد کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوششیں کرنا ہماری اخلاقی ، سماجی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔