راولاکوٹ ضمنی انتخابات، سردار خالد ابراہیم کے فرزند کے حق میں دسبردار ہونے کا پارٹی کا فیصلہ خوش آئند ہے، رہنما تحریک انصاف ضیا قدیر

اسلام آباد ( پی کے نیوز) تحریک انصاف کے رہنما ضیا قدیر نے کہا ہے کہ قائد کشمیر بیرسٹر سلطان کا راولا کوٹ ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدوار کھڑا نہ کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، پوری پارٹی اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے، ضمنی انتخابات میں سردار خالد ابراہیم کے فرزند کو سپورٹ کرنا وقت کی ضرورت ہے، سردار خالد ابراہیم کی نشست پر ان کے فرزند کو سپورٹ کر کے تحریک انصاف خالد ابراہیم کے مشن کو آگے لیکر جانا چاہتی ہے، جہاں دیگر مفاد پرست جماعتوں نے اپنے امیدوار اتار دیے ہیں وہیں تحریک انصاف سردار خالد ابراہیم کے بیٹے کو سپورٹ کرکے اصولوں کی سیاست کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سردار خالد ابراہیم خان کی وفات پوری قوم کیلئے المیہ ہے ، ان کی

خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، ان کی اصول پرستی ، رواداری اور دیانتداری دیگر تمام سیاسی رہنماؤں کیلئے قابل تقلید ہے ، ان کی وفات سے ہونیوالے نقصانات کا ازالہ بھی ممکن نہیں، انہوں نے تمام عمر آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کی جدوجہد کی، وہ کبھی وزیر نہیں بنے نہ کسی عہدے پر فائز ہوئے لیکن ان کے جنازے میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ان سے کتنی محبت کرتے ہیں، ان کی اچانک موت سے آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جو کبھی پر نہیں ہوسکتا، ان کا کہنا تھا کہ سردار خالد ابراہیم سچے اور کھرے آدمی تھے،وہ ہمیشہ سچی اور کھری بات کرتے تھے چاہے کسی کو نا گوار گزرے، ان کا کہنا تھا کہ سردار خالد ابراہیم آزاد کشمیر میں امید کی کرن تھے، انہوں نے کرپشن کے خلاف طویل جدوجہد کی، میں میرٹ اور گڈ گورننس کے قیام کیلئے ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ضیا قدیر کا کہنا تھا کہ سردار خالد ابراہیم کے فرزند کو سپورٹ کر کے تحریک انصاف ان کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہتی ہے، جہاں باقی جماعتیں مفاد کی خاطر انتخابات میں اتر رہی ہیں وہیں تحریک انصاف اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے سردار خالد ابراہیم کے بیٹے کے حق میں دستبردار ہوئی ہے۔