لیجنڈ اداکار قادر خان طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، اہلخانہ نے تصدیق کردی

ممبئی(نیوز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار قادر خان 81 برس کی عمر میں کینیڈا میں انتقال کر گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق قادرخان گزشتہ کئی برس سے اپنے بیٹے کے ساتھ کینیڈا میں رہائش پزیر تھے، شدید علالت کے باعث انہوں نے گزشتہ کئی دنوں سے بات چیت بھی بند کردی تھی۔ قادر خان کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا تھا جس کے باعث وہ کینیڈا کے اسپتال میں زیرعلاج تھے اورانہیں وینٹی لیٹرپررکھا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔قادر خان کے بیٹے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے

کہا کہ ہماری پوری فیملی کینیڈا میں رہائش پزیر ہے لہٰذا میرے والد کی آخری رسومات کینیڈا میں ہی ادا کی جائیں گی۔قادرخان کے بیٹے سرفرازنے چند روز قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گزشتہ برس ان کے والد کا گٹھنے کا بھی آپریشن ہوا تھا لیکن آپریشن کے بعد سے ہی ان کی حالت خراب ہوتی چلی گئی۔واضح رہے کہ 81 سالہ اداکار قادر خان نے اپنے 43 سالہ بالی ووڈ کیریئر میں 300 فلموں میں کام کیا ہے اور250 فلموں میں مکالمے لکھے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ منفی کردار بھی بخوبی نبھائے ہیں۔