پاک فوج نے دو بھارتی ڈراون گرا کر دشمن کو پیغام دیا ہے کہ پاکستانی فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، رہنما تحریک انصاف راجہ عبدالقدیر

اسلام آباد(پی کے نیوز)تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما راجہ عبدالقدیر نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی ڈراون گرا کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے، ایک کے بعد دوسرے ڈراون کے گرانے کے بعد بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کے حالات سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنڑول پر اشتعال انگیزی کررہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پچھلے سال بھی سرجیکل سٹرائیک کا شوشا چھوڑا لیکن اس کا ثبوت نہ دے سکا، اب بھی بھارت سرجیکل سٹرائیک کی بات کررہا ہے، پاک فوج نے یکے بعد دیگرے دو ڈراون گرا کر دشمن کے ارادے خاک میں ملا دیئے ہیں اور یہ پیغام دیا ہے کہ دشمن کو اس طرح کی حماقت مہنگی پڑے گی،

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بنانہ شروع کردیا ہے، بھارتی فائرنگ سے بچے بوڑھے اور عورتیں بھی محفوظ نہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی تحریک سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، لیکن کشمیر میں چلنے والی موجودہ تحریک سے دنیا پر واضع ہو گیا کہ کشمیری حق خودارادیت کی تحریک چلا رہے ہیں، اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کی رپورٹس بھارتی ظلم و ستم کی داستان بیان کررہی ہیں، بھارت اب شرمندگی سے بچنے کیلئے پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے اور سرجیکل سٹرائیک کی باتیں کررہا ہے، بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔