اس بار پہلی دفعہ 5 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی لندن سے کیا گیا ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

لندن(پی کے نیوز)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اس بار پہلی دفعہ 5 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی لندن سے کیا گیا ہے اور جس جوش و جذبے سے یہ اظہار یکجہتی منایا گیا ہے اس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو برطانیہ سے ایک ایسا پیغام گیا ہے کہ انکے جذبے اور ولولے ایک با ر پھر زندہ ہو گئے ہیں۔اسی طرح لندن سے اس اظہار یکجہتی سے ایک پیغام انٹرنیشنل کمیونٹی کو بھی گیا ہے کہ عالمی برادری جو ویسے تو انسانی حقوق کی چیمپئن بنی ہوئی ہے لیکن مسئلہ کشمیر پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔لندن سے اظہار یکجہتی منانے کاسارا کریڈٹ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو جاتا ہے۔ جنہوں نے یہ سوچ دی کہ اس بار مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی لندن سے کیا جائے اور جسطرح یہاں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے اس میں حصہ لیا ہے اس پر میں برطانیہ

میں مقیم لوگوں کا شکر گزار ہوں۔ کہ انھوں نے سخت سردی اور موسم کی شدت کے باوجود اس اظہاریکجہتی میں بھرپور ولولے اور جوش و جذبے سے شرکت کی۔ ہم یہاں لندن سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ اب کی بار جو سوچ ابھری ہے یہ کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لندن میں برطانوی ممبر پارلیمنٹ عمران حسین کی طرف سے دئیے گئے ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر استقبالیہ سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ جس طرح اس دفعہ 5 فروری کو برطانوی وزیر اعظم کی رہاشگاہ ٹین ڈائوننگ اسٹریٹ کے سامنے تما م راستے اور لندن کی گلیاں کشمیریوں اورپاکستانیوںسے بھر گئیں ہمیں اس جذبے کو مزید آگے بڑھانا ہو گا اور مقبوضہ کشمیر کے عوا م کے لئے آواز ہر فورم پر اٹھانا ہو گی۔