ترقی کیلئے جامعات کو انڈسٹری کے ساتھ منسلک کیا جائے، رہنما تحریک انصاف یونان سعادات

اسلام آباد(پی کے نیوز)تحریک انصاف کی رہنما یونان سعادات نے کہا ہے کہ بہترین ترقی کیلئے جامعات کو انڈسٹری کے ساتھ منسلک کیا جائے، نوجوان یونیورسٹیوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ انڈسٹری میں پریکٹیکل بھی کریں، ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کی ترقی کیلئے جامعات، حکومت اور انڈسٹری مثلث ہے، انڈسٹری کو اس بات کو واضع کرتی ہے کہ ملک کو کس شعبے میں کتنی ورک فورس چاہیے، حکومت اس ورک فورس کی تیاری کیلئے جامعات کو لکھتی ہے اور اتنی ورک فورس کی تیاری کیلئے جامعات اور تعلیمی اداروں کو فنڈز اور سہولیات

فراہم کرتی ہے، بدقسمتی سے ہمارے تعلیمی نظام کی بنیاد ہی الٹی ڈالی گئی ہے، جسکی وجہ سے ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیاں بغیر انڈسٹری کی ضروریات کا اندازہ لگائے گریجویٹس پیدا کررہی ہیں، بہت سی فیلڈز ایسی ہیں جن کے گریجویٹس پاکستان میں موجود ہی نہیں لیکن جامعات ان میں ڈگری پروگرام نہیں کروا رہی ، جامعات ان فیلڈز میں ڈگریاں کروا رہی ہیں جن میں گریجویٹس کی پہلے سے بھرمار ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ٹیکنیکل ورک فورس تیار کرنی ہوگی۔