جو صارفین یہ والی موبائل ایپ استعمال کرینگے ان کا واٹس ایپ بند کردیا جائے گا،وہ ایپ کون سی ہے، واٹس ایپ نے انتباہ کردیا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک )معروف میسیجنگ سروس واٹس ایپ کو دنیا بھر میں پیغام رسانی کے لیے استعمال کیاجاتا ہے۔ حال ہی میںایف اے کیو پوسٹ کے ذریعے واٹس ایپ انتظامیہ نے اعلان کیا کہ تھرڈ پارٹی ورژن واٹس ایپ صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کے پیش نظر واٹس ایپ نے کچھ اکاؤنٹس کو بند کر دیا ہے۔ واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ کے موڈیفائڈ ورژن واٹس ایپ پلس اور جی بی واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کو ایپلی کیشن میں ہی ایک نوٹی فکیشن موصول ہو گا جس میں اکاؤنٹ بند ہونے کی اطلاع دی جائے گی۔واٹس ایپ انتظامیہ کے مطابق ایسی تھرڈ پارٹی ورژن ایپلی کیشن کے لیے کمپنی اپنی سکیورٹی پریکٹس کو تبدیل نہیں کر سکتی، ایسی تمام ایپلی کیشن آفیشل واٹس ایپ کے سروس سے متعلق شق کی بھی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ واٹس ایپ کو استعمال کرنے اور پیغام رسانی

کے لیے صارف کو واٹس ایپ کی آفیشل ایپلی کیشن کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گا۔ FAQ پوسٹ میں دوبارہ آفیشل واٹس ایپ پر جانے کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ اس طریقہ کار کے تحت آفیشل واٹس ایپ پر واپس جانے سے پہلے اپنی چیٹ کا بیک اپ رکھنے کے طریقہ کار سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ اگر کسی صارف کو ایپلی کیشن کے اندر ہی ایک نوٹی فکیشن موصول ہو جس میں کہا جائے کہ آپ کا اکاؤنٹ عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ آفیشل واٹس ایپ ایپلی کیشن کی بجائے کوئی اور ایپلی کیشن استعمال کر رہے تھے جو کہ واٹس ایپ کا ان سپورٹڈ ورژن تھا۔ واٹس ایپ انتطامیہ نے مزید کہا کہ اس حوالے سے مکمل تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ تھرڈ پارٹی ورژن ایپلی کیشن سے آفیشل واٹس ایپ پر منتقلی کے وقت چیٹ کا بیک اپ کامیابی سے ہو سکے گا یا نہیں۔