تحریک آزادی کشمیرمیں خواتین ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہیں ، خولہ خان

اسلام آباد (پی کے نیوز)خان آف منگ کی صاحبزادی اور رہنما تحریک انصاف خولہ خان نے کہا ہے کہ کسی بھی تحریک میں خواتین کا کردار اہم ہوتا ہے ، کشمیر کی تحریک میں خواتین ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہیں ، کشمیری خواتین نہتے آٹھ لاکھ فوج کا سامنا کررہی ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ تمام تر ظلم و ستم کے باوجود کشمیری خواتین کے حوصلے پست نہیں ہوئے ، بلکہ وہ اپنے حوصلوں سے تحریک آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں پر ہر طرح کا ظلم ڈھا رہی ہیں، گھروں میں گھس کر خواتین کی آبرو ریزی کی جاتی ہے، خواتین کے سر سے چادر چھینی جاتی ہے، انہیں بے حرمتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے

لیکن خواتین ہیں کہ پیچھے ہٹنے کا نام نہیں لے رہیں، تحریک آزادی کشمیر میں خواتین اہم کردار ادا کررہی ہیں ،کشمیر کی بیٹیاں پیلٹ گنز کا نشانہ بننے کے باوجود گھروں سے نکلتی ہیں اور مردوں کے شانہ بشانہ ہر احتجاج میں شامل ہوتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے سامنے ان کے شوہر اور بیٹوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن ان کے حوصلے پست نہیں ہوتے، کشمیر کی مائیں اپنے بچوں کو تحریک آزادی میں قربان کرکے خوش ہوتی ہیں اور بھارت ان کو دھمکی دیتا ہے کہ بچوں کو گھر میں بٹھا لو ورنہ مارے جائیں، کشمیر کی خواتین نہ کل ڈریں تھیں نہ آج ڈری ہیں ، ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو کر رہیں گی۔