چیف سلیکٹر کے عہدے سے چھٹی۔۔۔انضمام الحق کا عہدہ خطرے میں پڑگیا،سابق کرکٹر کیلئےبری خبر آگئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف سلیکٹر انضمام الحق کی کرسی ہلنے لگی، ورلڈکپ میں ٹیم کے نتائج توقعات کے مطابق نہ رہے تو معاہدے میں توسیع نہیں ہو گی۔انضمام الحق کو2016ءمیں قومی کرکٹ چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا، ان کے دور میں ٹیم کے نتائج ملے جلے رہے البتہ چیمپئنز ٹرافی کا فاتح دستہ انھوں نے ہی منتخب کیا تھا، ورلڈکپ کیلئے سکواڈ کا اعلان18اپریل کو ہونا ہے جس کے بعد اگلی سیریز تک انضمام کا پی سی بی سے معاہدہ ختم ہو جائے گا،میگا ایونٹ میں نتائج توقعات کے مطابق نہ رہے تو انضمام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں ہو گی۔ذرائع کے مطابق بورڈ حکام چیف سلیکٹر کے کام سے مطمئن نہیں ہیں اور ان پراقربا پروری سمیت کئی باصلاحیت کرکٹرز کو نظرانداز

کرنے کے الزامات لگتے رہتے ہیں،آسٹریلیا سے یو اے ای میں ون ڈے سیریز کیلئے کپتان سرفراز احمد سمیت 6 سینئرز کو آرام کرانے اور پھر 0-5 سے شکست پر بھی وہ تنقید کا نشانہ بنے، سلیکشن معاملات میں انضمام کپتان سرفراز احمد کو بھی اکثر نظرانداز کرتے رہے ہیں جب کہ ایم ڈی وسیم خان ڈھکے چھپے الفاظ میں بتا چکے ہیں کہ سلیکشن کمیٹی کے کنٹریکٹ میں توسیع کا انحصار ورلڈکپ میں ٹیم کی پرفارمنس پر ہے،انضمام بورڈ سے ہر ماہ 12 لاکھ روپے سے زائد تنخواہ وصول کرتے ہیں،سلیکشن کمیٹی میں توصیف احمد، وسیم حیدر اور وجاہت اللہ واسطی بھی شامل ہیں مگر تینوں کا کام ربڑ سٹیمپ ہونے تک محدود ہے ،وہ اپنے چیف کے سامنے زبان نہیں کھولتے، اکثر غیرملکی ٹورز میں بھی انضمام خود ہی چلے جاتے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ایک اعلیٰ پی سی بی شخصیت سابق کپتان معین خان کو کوئی بڑی ذمہ داری دلانا چاہتی ہے اور مستقبل میں انکی خدمات حاصل کرنے کا امکان روشن ہے، وہ اس سے قبل کوچ،منیجر اور چیف سلیکٹر کے عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔دوسری جانب مکی آرتھر کا معاہدہ بھی میگا ایونٹ تک کا ہے،انکے مستقبل کا دارومداربھی ٹیم کے نتائج پر ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم 5 سے19 مئی تک انگلینڈ کیخلاف سیریز میں حصہ لے گی، اس کے بعد 30 تاریخ کومیگا ایونٹ شروع ہونا ہے، سکواڈ کی انگلینڈ روانگی 23 اپریل کو طے ہے۔