آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کی تقریبات کا آغاز

مظفر آباد( نمائندہ خصوصی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ میں آج یہاں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کی تقریبات کا آغازکیک کاٹ کر کررہا ہوں۔آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم پی ٹی آئی کشمیرکے رہنماء اور کارکن بھرپور انداز میں پارٹی کا یوم تاسیس منائیں گے۔عمران خان کی کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف انتھک اور مسلسل جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کی ہے اور کرپٹ ٹولے پر ہاتھ ڈالا گیا ہے۔جبکہ اب وہ ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کے لئے بڑے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں یاسین ملک کی گرفتاری اورشدید بیماری کی حالت میں تہاڑ جیل میں ان پر تشدداور انکے اہل خانہ سے انکی ملاقات نہ کرانے کی اجازت نہ دینے پرہم بھارت حکومت کے اس بزدلانہ اقدام کی

بھرپور مزمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے اوریاسین ملک کو علاج معالجے کی سہولتیں فوری طور پر مہیا کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں دارالحکومت مظفر آباد میںمرکزی ایوان صحافت میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سنیئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد،سابق وزیر پیر مرتضیٰ علی گیلانی، سابق وزیر محمد حنیف اعوان،نائب صدر سردار تبارک علی،راجہ مدد علی خان،سید چن شاہ کاظمی،سید ذیشان حیدرکاظمی،چوہدری اسحٰق طاہر سمیت سینکڑوں کارکن موجود تھے۔اس موقع پرپی ایس ایف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما سید فیضان نقوی دوستوں اور برادری کے ہمراہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی س بات کا اعلان انھوں نے مرکزی ایوان صحافت میں تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی موجودگی میں کیا ۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے خاتمے اور تبدیلی کے لیے نوجوان جوق درجوق پی ٹی آئی کا حصہ بن رہے ہیں عمران خان ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات پر قابو پانے کی جہدوجہد کر رہے ہیں ان کی طویل مدتی پالیسوں کے ثمرات جلد عام آدمی تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بڑی پارلیمانی وکٹیں گرنے کو تیار ہیں مگر عمران خان کی ہدایت ہے کہ پارٹی میں صاف ستھرے لوگوں کو شامل کیا جائے جو اچھی شہرت کے مالک ہوں آئندہ چند ماہ میں آزاد کشمیر کی دوسری سیاسی پارٹیاں اپنے کارکنوں کی تلاش میں پھرتی نظر آئیں گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف ہے وہ جہاں بھی بیرون ممالک کا دورہ کرتے ہیں تو مسئلہ کشمیر ان کی اولین ترجیح

میں شامل ہوتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے صاف کہہ دیا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا اس وقت تک بھارت سے تعلقات میں بہتری نہیں آسکتی حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران عمران خان کے جرات مندانہ موقف سے بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہوا ہے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت بھی مقبوضہ کشمیر میں اپنی بربریت جاری رکھے ہوئے ہے ،حریت لیڈر یاسین ملک پر تہاڑ جیل میں تشدد قابل مزمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد عالمی برادری کشمیر کے حوالے سے ٹھوس اقدام کرنے کو تیار ہے اور عالمی برادری اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے تئیسویں یوم تاسیس کی تقریبات کاافتتاح کرتے ہوئے ایک کیک کاٹا بھی کاٹا۔