خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کرنے والا وزیراعظم ایک منٹ بھی قبول نہیں ،خولہ خان نے راجہ فاروق حیدر کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (پی کے نیوز) تحریک انصاف آزاد کشمیر کی رہنما خولہ خان نے کہا ہے کہ خواتین کے بارے میں نا زیبا گفتگو پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی توہین کرنے والے کو وزیر اعظم کے عہدے پر ایک منٹ بھی برداشت نہیں کریں گے، راجہ فاروق حیدر نے پوری قوم کی خواتین کی توہین کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ریاست کا اہم ترین عہدہ

ایسے شخص کے ہاتھ میں چلا جائے گا، ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر یہ خطہ آزاد کروایا، آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، وزیر اعظم کی گفتگو سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کو اپنے کیے پر معافی مانگ کر فوری مستعفی ہو جانا چاہیے، وزیر اعظم مستعفی نہ ہوئے تو آزاد کشمیر کی خواتین ان کے خلاف تحریک چلائیں گی، میں خود اس تحریک کو لیڈ کروں گی۔