فرشتہ قتل کے بعد اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کیخلاف کاروائی کی جائے، خولہ خان

اسلام آباد (پی کے نیوز) تحریک انصاف کی رہنما خولہ خان نے کہا ہے کہ ہماری فوج اور ہمارے ادارے ہمارا فخر ہیں، پاک فوج نے اس ملک میں امن کے قیام کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں، ہم پاک فوج کی قربانیوں کی وجہ سے سکون سے جی رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ بڑی مستقل مزاجی سے لڑی اور جیتی ہے، دشمن سے یہ چیز ہضم نہیں ہو رہی ، دشمن ہمیشہ سے ہمارے ملک اور فوج کے خلاف سازش میں مصروف ہے، کچھ نادان

دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، فرشتہ قتل کیس کو بنیاد بنا کر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی افسوس ناک ہے، فرشتہ اس قوم کی بیٹی ہے اور پوری قوم نے اس کیلئے آواز بلند کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ زیادتی اور قتل کے واقعات کو بنیاد بنا کر لسانیت کو ہوا دینا جرم ہے، اور ایسے واقعات کو بنیاد بنا کر اداروں کے خلاف زہر اگلنا ناقابل برداشت ہے،ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کیخلاف بھرپور کاروائی ہونی چاہیے جو کسی بھی واقعے کے بعد بغیر سوچے سمجھے اداروں کو نشانہ بناتے ہیں۔