محمد عامر کی آسٹریلیا کیخلاف تباہ کن بائولنگ ، ورلڈ کپ کے بہترین گیند باز بن گئے

ٹانٹن(نیوز ڈیسک) پاکستان فاسٹ بولر محمد عامر نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرلیں جس کے بعد وہ ورلڈ کپ کے بہترین گیند باز بن گئے ہیں۔عامر کی ٹورنامنٹ میں مجموعی وکٹوں کی تعداد اب نو ہوگئی ہے اور ان کی شاندار کارکردگی کے باعث گرین شرٹس نے میچ میں واپسی کی ہے۔پانچ وکٹوں کے علاوہ عامر کا اکانومی ریٹ بھی انتہائی شاندار رہا۔ انہوں نے اپنے مقررہ دس اوورز میں صرف 30 رنز دیے اور لگاتار آسٹریلوی

بلے بازوں کو پریشان کرتے رہے۔ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم 350 کے لگ بھگ ہدف پاکستان کو دینے میں کامیاب ہوجائے گی تاہم عامر نے اختتامی اوورز میں شاندار گیند بازی کی۔عامر نے آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ، شان مارش، عثمان خواجہ، ایلکس کیری اور مچل اسٹارک کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عامر کسی ون ڈے میچ میں پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔عامر کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔