تین سو30کلووزنی نورحسن کا آپریشن کامیاب، وزن میں کتنے سوکلوگرام کمی کی خوشخبری سنادی گئی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) 330 کلو وزنی شخص نور حسن کا آپریشن کامیاب ہو گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر معاذ حسن کا کہنا ہے کہ نور حسن کا آپریشن کامیاب ہو چکا ہے انہیں آدھا گھنٹا آپریشن تھیٹر میں رکھا جائے گا۔نور حسن کے ذاتی معالج کا کہنا ہے کہ ان کو آپریشن تھیٹر میں صبح دس بجے لے کر جایا گیا تھا،ان کا آپریشن پونے دو گھنٹے تک جاری رہا۔نورحسن کو ایک الگ وارڈ میں منتقل کیا جائے گا،ڈاکٹرز کا مزید کہنا تھا کہ بظاہر ان کی حالت پہلے جیسی ہی لگے گی تاہم اگلے تین ہفتوں کے دوران ان کے وزن میں کمی ہو گی۔ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اگلے 6 ماہ میں نور حسن کے وزن میں 100 کلو کمی ہو گی۔۔اس سے قبل ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ لاہور کے شالیمار اسپتال میں زیر علاج نور حسن سے

متعلق ڈاکٹر معاذ حسن نے بتایا کہ 320 کلو وزنی نورحسن کی فزیوتھراپی کی گئی جس کے بعد اُن کی ٹانگوں میں حرکت شروع ہوئی اور اب وہ اپنی دونوں ٹانگیں آسانی کے ساتھ ہلا سکتے ہیں۔جبکہ نورحسن کا کہنا تھا کہ میں خود کو پہلے سے کافی بہترمحسوس کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں آرمی چیف کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ وہ میری صحت کے حوالے سے فکرمند ہیں۔ یاد رہے کہ صادق آباد کے رہائشی 320 کلو وزنی نور حسن نامی شخص نے آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی تھی جس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر صادق آباد بھیجا گیا۔چار روز قبل پاک فوج نے رحیم یار خان کے 320 کلو وزنی نور حسن کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور منتقل کیا ۔ نور حسن کو لاہور کے شالیمار اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں اور شہرت یافتہ ڈاکٹر معاذ حسن ان کا علاج کررہے ہیں۔ اُردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو میں نور حسن نے اپنے موٹاپے اور لاچارگی کا شکار ہونے کی تمام تر روداد سناتے ہوئے بتایا تھا کہ میں گذشتہ دس سال سے اس موٹاپے کا شکار ہوں لیکن مجھے خود بھی اس کا علم نہیں ہے کہ میں اس موٹاپے کا شکار کیونکر ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس موٹاپے کی وجہ سے میں چارپائی پر صرف اُلٹا سو سکتا ہوں سیدھا نہیں سو سکتا۔ نور حسن کا کہنا تھا کہ میں نے ایک میڈیا والے سے کہا کہ میری آواز پہنچائی جائے تاکہ میری کچھ مدد ہو سکے جس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تک میری آواز پہنچی اور انہوں نے میری مدد کی جس کی وجہ سے آج میں اسپتال پہنچا ہوں۔ میرے پاس الفاظ بھی نہیں ہیں جن سے میں آرمی چیف کا شکریہ ادا کر سکوں۔لاہور کے شالیمار اسپتال میں زیر علاج صادق آباد کے رہائشی 320 کلو وزنی نور حسن کے لیے ایک خصوصی وہیل چئیر تیار کی گئی تھی۔ ڈاکٹر معاذ حسن نے بتایا کہ وہیل چئیر نور حسن کو جسامت کو مد نظر رکھ کر تیار کی گئی ہے۔ نور حسن کے لیے تیار کی گئی خصوصی وہیل چئیر 8 فٹ لمبی اور 6 فٹ چوڑی ہے جبکہ عام وہیل چئیر 2 فٹ چوڑی اور 2.5 فٹ لمبی ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ خصوصی وہیل چئیر دن میں تیار ہوئی۔