بھارتی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اپنے پائوں پر کلہاڑی ماری ہے، راجہ عبدالقدیر

اسلام آباد(پی کے نیوز) تحریک انصاف کے رہنما راجہ عبدالقدیر نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل تین سو ستر کی منسوخی کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ ہے، کشمیری کسی صورت اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ جب سے مودی برسر اقتدار آیا ہے کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا ہو گئی، ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کو پیلٹ گن سے زخمی کیا گیا ہے، نوجوانوں کی بینائی چھینی گئی ہے، معصوم نوجوانوں کو دہشتگرد

قرار دے کر قتل کیا گیا ہے، مودی نے کشمیریوں کی نسل کشی کا نیا منصوبہ بنایا ہے، ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کشمیریوں کی تحریک کو جتنا دبانے کی کوشش کی گئی، تحریک اتنی ہی شدت کے ساتھ ابھری ہے، مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اپنے پاوں پر کلہاڑی ماری ہے، کشمیری کسی صورت بھارتی عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مودی نے کشمیریوں کے سامنے دو ہی آپشن رکھے ہیں شہادت یا آزادی، کشمیری اب فیصلہ کن تحریک چلائیں گے۔