بھارت نے دفعہ 370 منسوخ کر کے کشمیر پر اپنا حق کھو دیا ،وزیراطلاعات آزادکشمیرراجہ مشتاق احمد منہاس

راولپنڈی (پی کے نیوز)آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بھارت نے دفعہ 370 منسوخ کر کے کشمیر پر اپنا حق کھو دیا ہے ۔تحریک آزادی کشمیر بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ذرا برابر بھی متاثر نہیں ہو گی ۔بھارت جب کشمیریوں کو تحریص و دباو کے ذریعے کمزور نہیں کر سکا تو اس نے اپنا آخری آپشن استعمال کیا۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک نجی چینل کو انٹرویو میں کیا ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف بڑے جرائم کا ارتکاب کیا ہے جن میں پیلٹ گن سے کشمیریوں کو اندھا بنانا بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا بھارت جتنا مرضی

زور لگا لے وہ تحریک آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتا ہے۔انہوں نے کہا تحریک آزادی میں لاکھوں کشمیریوں کا لہو شامل ہے جسے کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا بھارت نے دفعہ 370 ختم کر کے جو چال چلی ہے وہ الٹی ہو کر خود اس پر گرے گی اور اسے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرنا پڑے گا ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اوع عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کیساتھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے ہمارا وکیل بھی پاکستان ہے یہ وقت اتحاد اور یکجہتی کا ہے جس کے ذریعے ہم اپنے مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔