وزیراعظم اور آرمی چیف کی اہم ملاقات، سول وعسکری قیادت سرجوڑ کربیٹھ گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں قومی سلامتی امور سمیت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مدت ملازمت میں توسیع کے بعد آرمی چیف کی وزیراعظم سے پہلی ملاقات ہے۔وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملک اور خطے میں جاری پاک فوج کی امن کی کوششوں کے تسلسل کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے کی مجموعی صورتحال بھارت کے 5 اگست کے اقدام کے باعث کشیدہ ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور

اس اقدام سے ایک روز قبل ہی وادی میں کرفیو نافذ کردیا تھا جبکہ وہاں تمام مواصلاتی رابطے بھی منقطع کردیے گئے تھے۔بعد ازاں 7 اگست کو بھارتی لوک سبھا (ایوان زیریں) سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے لیے ’جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن بل 2019‘ بھاری رائے شماری سے منظور کرلیا گیا تھا۔مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کرکے وہاں کونسٹی ٹیوشن (ایپلی کیشن ٹو جموں و کشمیر) آرڈر 2019 کا خصوصی آرٹیکل نافذ کیا گیا، جس کے تحت اب بھارتی حکومت مقبوضہ وادی کو وفاق کے زیر انتظام کرنے سمیت وہاں بھارتی قوانین کا نفاذ بھی کرسکے گی۔بھارتی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو جاری ہے اور دیگر پابندیاں برقرار ہیں جبکہ بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد نے وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔