پاکستان کو بھارت سے مذاکرات کا شوق نہیں، کشمیریوں کی حمایت کیلئے آخری حد تک جائینگے

لاہور(نیوز ڈیسک)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت سے مذاکرات کا کوئی شوق نہیں ،کشمیر یوں کی حمایت کیلئے آخری حد تک بھی جانے کو تیار ہیں ، کشمیر میں مسلمانوں کی اکثر یت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں نے آنکھیں نہ کھولیںتو آنیوالی تباہی کے یہ بھی ذمہ دار ہوں گے ، ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کیخلاف بھارتی لابی کا منصوبہ ناکام ہو چکا ہے،آج ایشیا پیسفک گروپ کے تمام ممالک منی لانڈرنگ کے خاتمے اور دیگر تمام اہداف کیلئے پاکستانی حکومت کے اقدام پراعتماد کا اظہار کر رہے ہیں‘کر پشن کو

جڑ سے ختم کرنے کے اپنے فیصلے سے حکومت ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔وہ جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں تقریب میں شر کت کے بعد میڈیا سے گفتگو اور گور نر ہائوس لاہورمیں بر طانوی کونسلر اصغر جاوید علی سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے بر طانوی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستا ن نے ہمیشہ بھارت کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کر نے کی دعوت دی مگر بدقسمتی سے بھارت اس کو ہماری کمزور سمجھتا رہا ہے لیکن حکومت اور افواج پاکستان طے کر چکی ہے کہ بھارت کو ہر محاذپر منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازش اور دشمنی کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانا دیتا مگر سفارتی اورعسکری سمیت ہر محاذپر پاکستان نے اپنی کامیاب پالیسوں کے ذریعے بھارت کو شکست دی ہے اور اب ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان نے بھارت کے منصوبے کو ناکام بنادیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو کسی قسم کے سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہی ہم صرف شفاف اور احتساب کی با ت کر رہے ہیں اور احتساب کے اداروں کیساتھ کھڑے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں جب تک ایک بھی کر پٹ شخص اس ملک میں موجود ہے شفاف احتساب جاری رہیگا اور اس ملک کوکر پشن اور کر پٹ عناصر سے مکمل طور پر پاک کر یں گے۔