اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ عابد علی کو اپنے جواہر رحمت میں جگہ دیں،بھارتی اداکار رضامراد

لاہور(نیوز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار رضا مراد نے پاکستانی لیجنڈ اداکار عابد علی کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عابد علی جیسا فنکار صدیوں میں پیدا ہوتا ہے۔رضامراد نے کہا عابد علی نے جس طرح پاکستانی ڈرامے میں حقیقت کے رنگ بھرے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ بطور فنکار میں یہ بات بخوبی جانتا ہوں کہ کسی بھی کردار کو اپنا بنانا انتہائی مشکل کام ہے لیکن جس طرح سے انہوں نے ان گنت ڈراموں میں یادگار کردارنبھائے، ان کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔رضامراد کامزید کہنا تھا کہ عابد علی کا فنی قد بڑا اور میرے الفاظ چھوٹے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ آج فن کا ایک روشن ستارہ ماند پڑ گیا۔

وہ آج ہم میں نہیں رہے لیکن ان کا کام ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ عابد علی کو اپنے جواہر رحمت میں جگہ دیں، آمین۔یادرہے کہ معروف اداکار دو ماہ سے یرقان میں مبتلا تھے اور ان کا انتقال طویل علالت کے بعد گزشتہ شب نجی اسپتال میں انتقال ہوا۔اداکار عابد علی نے دشت، دوسرا آسمان، وارث اور مہندی سمیت متعدد ڈراموں اور فلموں میں یادگار کردار ادا کیا۔ انہوں نے فلم ہیر مان جا میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جو آج کل سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔عابد علی 29 مارچ 1952 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے تھے، صدر پاکستان نے 1985 میں انہیں پرائڈ آف پارفامنس سے نوازا۔