انالله وانا اليه راجعون:سابق پاکستانی کرکٹر عبد القادر انتقال کر گئے

لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے کے باعث 63 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق کرکٹر لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہوسکے۔عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچوں میں نمائندگی کی۔سابق لیگ اسپنر کو اپنے دور میں خطرناک باؤلر تصور کیا جاتا تھا اور انہوں نے عمران خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قیادت میں پاکستان کو متعدد مرتبہ کامیابیاں بھی دلائیں۔پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں

15 ستمبر 1955 کو پیدا ہونےو الے عبدالقادر نے 14 دسمبر 1977 کو انگلینڈ کے خلاف لاہور میں ہی ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں 11 جون 1983 کو ڈیبیو کیا تھا۔عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں کی 111 اننگز میں 236 وکٹیں حاصل کی اور ایک اننگز میں 56 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کرنا ان کی ایک میچ میں بہترین کارکردگی تھی۔انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 104 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور اپنی 100 اننگز میں 132 وکٹیں حاصل کی ۔عظیم لیگ اسپنر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں دسمبر 1990 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا اسی طرح آخری ایک روزہ میچ 2 نومبر 1993 کو سری لنکا کے خلاف شارجہ میں کھیلا۔