لائن آف کنٹرول پر صورتحال پھر کشیدہ ہوگئی

کوٹلی (نیوز ڈیسک) ضلع کوٹلی کی تحصیل کھوئی رٹہ سے مقامی لوگوں نے جمعہ کے روز مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم ، کرفیو اور پابندیوں کے خلاف جلوس نکالا اور سیری چتر سے جنجوٹ بہادر سیز فائر لائن کی طرف مارچ کیا جس پر بھارتی فوج نے نہتے اور پرامن مظاہرین پر گولہ باری اور فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں میں افتخار بٹ، ارسلان ، نادر بٹ ، انیس اور مدثر شامل ہیں ۔ صدرریاست آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان ، وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان اور چیف سیکرٹری / سیکرٹری داخلہ مطہر نیاز رانا نے بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت جیسے مکار اور بزدل دشمن سے ہوشیار رہیں

اور خطرناک زون میں جانے سے احتیاط برتیں ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے۔80لاکھ کے قریب آبادی کا 33دن سے محاصرہ کررکھا ہے اور ان کو کرفیو جیسی پابندیوں میں جکڑ رکھا ہے جو انسانیت کے خلاف بہت بڑا ظلم ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہندوستان ایسے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتا اس کو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنا ہوگا۔چیف سیکرٹری / سیکرٹری داخلہ آزادکشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاج کے دوران دشمن کے قریب نہ جائیں ۔ مکار اور بزدل دشمن آپ کی جان کو نقصان پہنچا سکتاہے۔ انہوں نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں ، ان کے ساتھ تعاون کریں اور خطرناک ایریا میںجانے سے گریز کریں ۔