بھارتی کوچ روی شاستری اور پاکستانی کوچ مصباح الحق کی سالانہ تنخواہ کتنی ہے

نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر روی شاستری کو دوبارہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے اور اس کیساتھ ہی ان کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد انہیں سالانہ تقریباً 10 کروڑ بھارتی روپے ملیں گے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق روی شاستری کی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے ساتھ ہی ان کی سالانہ تنخواہ 10 کروڑ بھارتی روپے ہو جائے گی جب کہ اس سے قبل وہ 8 کروڑ روپے سالانہ لے رہے تھے۔اس کے علاوہ باؤلنگ کوچ

بھرت ارون کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے اور وہ سالانہ 3.5 کروڑ بھارتی روپے حاصل کر سکیں گے اور فیلڈنگ کوچ سریدھار کو بھی اتنی ہی سالانہ تنخواہ ملے گی جب کہ بیٹنگ کوچ سنجے بنگر کو اڑھائی کروڑ سے 3 کروڑ بھارتی روپے سالانہ تنخواہ ملے گی۔یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو ماہانہ 32لاکھ روپے(سالانہ4کروڑ روپے) معاوضہ دیا جائے گا جس پر سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ مصباح کا کوچنگ کا تجربہ نہ ہونے کے باوجود انہیں اتنا معاوضہ دیا جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔