بائولر محمد عرفان رات کو سوتے وقت چہرے کی حفاظت کیلئے کریمیں ملا کرتے تھے

اسلام آباد (منیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی بیٹسمین حارث سہیل کو کسی شریر بھوت نے ڈرادیا، اور جب دوسرے کھلاڑی اس واقعے کو بھولنے کی کوشش کر رہے تھے تو ایک دفعہ پھر یہ بھوت ایک اور کھلاڑی کے سانے آ کھڑا ہوا۔ سپورٹس 360 کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں بیٹسمین صہیب مقصود نے بتایا کہ حارث سہیل کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے کچھ دن بعد ہی ایک ایسا ہی واقعہ فاسٹ باؤلر بلاول بھٹی کے ساتھ پیش آگیا۔ صہیب مقصود نے بتایا کہ بلاول بھٹی رات کے وقت کوئی ڈراؤنا خواب دیکھ کر چلاتے ہوئے اپنے کمرے سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ ان کے قریب ترین واقع کمرہ

باؤلر محمد عرفان کا تھا لہٰذا وہ اسی کمرے کی طرف بھاگے۔ جب کمرے کا دروازہ کھلا تو بلاول بھٹی نے اپنے سامنے عجیب و غریب صورت والی ایک دیوقامت مخلوق کو کھڑا پایا، جسے دیکھ کر ان کی چیخیں مزید بلند ہوگئیں۔ صہیب نے وضاحت کی کہ محمد عرفان اپنی رنگت کے تحفظ کے لئے رات کو مختلف کریموں کا مکسچر منہ پر مل کر سوتے ہیں، لہٰذا یہی وجہ تھی کہ بلاول بھٹی انہیں دیکھ کر مزید خوفزدہ ہوگئے، جبکہ ان کے غیر معمولی قد و قامت نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب یہ کہانی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو پتہ چلی تو وہ ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔