کیا نیمل خاور کے بعد حمزہ علی عباسی بھی شوبز کو خیرباد کہنے والے ہیں ، اداکار کے ٹویٹ نےمداحوں کو افسردہ کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چند ماہ قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والے اداکارحمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاورنے شادی سے پہلے ہی اداکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، اب حمزہ کی جانب سے کی جانے والی ایک ٹویٹ نے ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہےکہ کہیں انہوں نے بھی ایسا ہی فیصلہ تو نہیں کرلیا۔حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے مداحوں کے نام پیغام میں اہم اعلان کرتے ہوئے انہیں تجسس میں مبتلا کردیا۔اداکار نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’’ایک دہائی سے زائد کا سفراپنے اختتام کوپہنچا۔اس ماہ کے اختتام پرمیں ایک اہم اعلان کروں گا، امید ہے کہ میری آواز بہت سوں تک پہنچے گی‘‘۔

حمزہ نے اس ٹویٹ کے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ رواں ماہ یعنی اکتوبرکےآخرتک وہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کروں گا۔سوشل میڈیا صارفین نے یہ ٹویٹ پڑھتے ہی قیاس آرائیاں شروع کردیں۔ ایک دہائی سے زائد کا ذکرسن کر بہت سوں کو لگا کہ حمزہ اداکاری چھوڑ رہے ہیں تو کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے قیاس کے گھوڑوں کو سیاست کے میدان تک دوڑادیا۔یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی کی پہچان صرف اداکاری نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر وہ مذہبی حوالے سے بھی سرگرم رہتے ہیں جبکہ ایک پہلو ان کی حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف سے سیاسی وابستگی بھی ہے۔حمزہ اور نیمل 25 اگست کو اسلام آباد میں ایک سادہ سی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے ۔ نیمل نے شادی سے کافی عرصہ قبل ہی شو بز چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔سال 2006 میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے حمزہ علی عباسی کے معروف ڈراموں میں ڈیبیو ڈرامہ میرے درد کو جو زباں ملے،پیارے افضل، ٹیلی فلمز ایک تھا راجہ ایک تھی رانی اور گلو ویڈز گولی، من مائل اور حال ہی میں آن ائرہونے والا ڈرامہ سیریل ’’الف ‘‘شامل ہے۔ڈرامہ ’’الف ‘‘ دراصل عمیرہ احمد کے ناول پرمبنی ہے جس میں حسن جہاں نامی ایک اداکارہ کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ حسن جہاں کا کردار کبریٰ خان اور ان کے بیٹے قلب مومن کا کردار حمزہ علی عباسی نے نبھایا ہے۔ فلم ڈائریکٹر اور پارٹیز کا شوقین قلب مومن اس ڈرامے میں پوری طرح سے تبدیل ہوتے ہوئے مذہب کی جانب مائل ہوتا دکھایا جائے گا۔حمزہ کے مقابل سجل علی ہیں جو مومنہ نامی اداکارہ کے روپ میں نظر آئیں گی۔ڈرامے کے ڈائریکٹرحسیب حسن ہیں جبکہ اسے ثناء شاہنواز اور ثمینہ ہمایوں نے پروڈیوس کیا ہے۔فلمی سفر کی بات کی

جائے توڈاکیومینٹریز کے علاوہ ان کی معروف فلموں میں ، میں ہوں شاہد آفریدی، وار، جوانی پھر نہیں آنی، ہو من جہاں، پرواز ہے جنوں، جوانی پھرنہیں آنی 2 شامل ہیں جبکہ حمزہ علی عباسی کی آنے والی فلم “مولا جٹ ” ہے جو سال 1979 میں ریلیز ہونے والی مولاجٹ کا سیکوئل ہے۔ حمزہ اس فلم میں نوری نتھ کے روپ میں نظر آئیں گے جب کہ ان کے ساتھی اداکاروں میں فواد خان اور ماہرہ خان شامل ہیں۔