برطانوی شاہی جوڑے کی بادشاہی مسجد میں قرآن پاک سننے کی ویڈیو وائرل

لاہور(وہاب علوی)برطانوی شاہی جوڑے کی بادشاہی مسجد آمد کے موقع پر شاہی جوڑے کو قرآن پاک کی تلاوت اور انگریزی میں ترجمہ سنایا گیا۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا خبیر آزاد بھی موجود تھے، شاہی جوڑے نے احترام کے ساتھ قرآن پاک کی تلاوت سنی،انہیں خطیب بادشاہی مسجد نے آیات مبارکہ کی تشریح بھی بتائی۔تلاوت قرآن پاک کے دوران سر پر دوپٹہ اوڑھے برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ہاتھ باندھے رکھے اور سر جھاکر بیٹھی رہی، برطانوی شاہی جوڑے کی انتہائی ادب کیساتھ قرآن پاک سننے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے

سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔واضح رہے کہ پاکستانیوں میں مقبول شہزادی ڈیانا کے بیٹے اور بہو 5 روزہ دورے پر 14 اکتوبر کی رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے تھے، ان کا یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔برطانوی شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ نورخان ایئربیس پہنچا تھا، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو اور دیگر حکام نے ان کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا تھا جبکہ بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے تھے۔