ماہرہ خان اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر مقرر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اداکارہ ماہرہ خان اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی خیرسگالی سفیر مقرر کردی گئیں۔اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائےمہاجرین نے ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ خوشی ہورہی ہےکہ ماہرہ خان ہماری نئی خیر سگالی سفیر ہیں۔ماہرہ کا کہنا ہے کہ مہاجرین کی خیرسگالی سفیربننا بڑے اعزاز کی بات ہے، پاکستان میں پیدا ہونے پر فخر ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے کی شکرگزار ہوں جس نے نیک مقصد کےلئےمنتخب کیا۔اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی جانب سے ملک کی خیر سگالی سفیر ماہرہ خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ “میں خوش قسمت ہوں کہ اس نیک مقصد کے لیے مجھے منتخب کیا گیا۔” انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کے ادارہ

برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، اللّہ نے مجھے اس مقصد کے لیے چنا جس پر میں پوری اترنے کی کوشش کروں گی۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے افغان مہاجرین کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان 4 دہائیوں سے 40 لاکھ افغان مہاجرین کی مدد کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مہاجرین کے مسائل کو اتنی اہمیت نہیں دی گئی لیکن یہ بات بھی اہم ہے کہ مہاجرین کا مسئلہ کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس ماہرہ خان نے پشاور میں یو این سی ایچ آر کے کیمپ کا دورہ کیا تھا جہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بے گھر بچوں کے مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا کیوں کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں۔