آپ نے بھارت کے جذبات کو سمجھا اور اسے عزت دی،نریندرامودی نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ اداکردیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)گرداسپور(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کرتارپور راہداری پر پاکستان کی کوشش کو سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔سکھ مت کے بانی بابا گرونانک کے یوم ولادت پر پاکستان کی جانب سے سکھوں کو دنیا کے سب سے بڑے گوردوارے دربار صاحب کا تحفہ دیے جانے پر جہاں دنیا بھر سے سکھ پاکستانی اقدام پر انتہائی خوش ہیں وہیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی پاکستانی کوششوں کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔گرداسپور گرردوارا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کرتارپور راہدری منصوبے پر وہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔

نریندر مودی نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے کرتار پور کے معاملے پر بھارت کے جذبات کو سمجھا اور عزت دی،میں پاکستانی عملے کا شکریہ ادا کرتا یوں جنہوں نے اپنی طرف کرتار پور منصوبے کو انتہائی کم وقت میں کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سرحد کے دونوں اطراف اور پوری دنیا میں مقیم سکھ برادری کو کرتارپور راہداری کے افتتاح کے تاریخی دن کی مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ سکھ برادری کے لئے بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر کرتارپور راہداری کے افتتاح کی اہمیت مسلمان بہتر سمجھ سکتے ہیں جو مقدس مقامات کی زیارت کی اہمیت کو پہچانتے ہیں۔