نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کھیلی جائے ،حکومت نواز شریف کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے، چئیرمین سینیٹ

لاہور(نیوزڈیسک) چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیرون ملک علاج کی حمایت کر دی۔چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ میں کہا کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے دونوں اطراف سے سیاست نہ کی جائے۔ حکومت نواز شریف کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے۔جب کہ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف نے پارٹی قائد نوازشریف کا نام ای سی ایل سے غیرمشروط نکالنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔عدالت نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے ، بتایا گیا ہے کہ جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں 2رکنی بنچ کچھ دیر میں کیس کی

سماعت کرے گا۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی قیادت نے حکومت کی ایمندنٹی بانڈز شرط کو مسترد کر دیا۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت تاوان لینا چاہتی ہے،زر ضمانت کی شرط قبول نہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کےصدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رات کو فیصلہ کیا گیا فی الفور عدالت کا دروازہ کھٹکٹھائیں گے۔مسلم لیگ ن کی وکلاء ٹیم لاہور ہائیکوٹ میں موجود ہے۔نواز شریف کے حوالے سے حکومتی فیصلہ سب کے سامنے ہے،شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف، میں نے اور میری جماعت نے حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ تو این آر او لے سکتے ہیں اور نہ ہی دے سکتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر بیٹی کے ساتھ پاکستان واپس آئے۔انہوں نے کہا کہ 6جولائی کو نواز شریف کے خلاف فیصلہ آیا اور 13جولائی کو وہ اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر پاکستان آئے اور جیل کی سلاخوں کے پیچھے چلے گئے،کیا اس وقت بھی بانڈز مانگے گئے تھے۔بانڈر کی صورت میں عوام کو دھوکے کی طرف لے کر جانا چاہتے ہیں کہ ہم نے 7 ارب نکلوا لیے۔یہ بانڈز کی آڑ میں تاوان لینا چاہتے ہیں۔