کشمیر میں ہندو بستیاں قائم کرنے کی کوشش ہوئی تو ہر کشمیری گھر سے نکل آئے گا، خولہ خان

اسلام آباد(پی کے نیوز) تحریک انصاف کی رہنما خولہ خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چار ماہ سے لاک ڈاون ہے، غاصب بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے، کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے، کشمیری مائیں شہید بیٹوں کے جنازے کے جلوس کی قیادت کرتی ہیں ، چھ سے لیکر اٹھارہ سال کے ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے، بھارتی مظالم پر خاموشی اختیار کر کے عالمی برادری بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم،کرفیو سےکشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے،

بھارت نےمقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے ، آزادی تحریک کچلنےکیلئے کشمیری خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اسرائیل طرز پر ہندو بستیاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، عالمی برادری بھارت پر کرفیو ختم کرانے کیلئے دباو بڑھائے، ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے نہ بھارت کے پانچ اگست کے اقدام کو تسلیم کیا ہے نہ ہی ہندو بستیاں قائم کرنے کے اقدام کو تسلیم کریں گے، کشمیر میں ہندو بستیاں قائم کرنے کی کوشش ہوئی تو ہر کشمیری گھر سے نکل آئے گا۔