شہباز گل کی وفاقی حکومت میں انٹری، وزیراعظم نےاہم عہدہ دینے کا فیصلہ کرلیا

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سابق ترجمان شہباز گل کو ایک مرتبہ پھر اہم حکومتی منصب پہ فائز ہونے جارہے ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما سینیٹر فیصل جاوید کو بھی وفاقی حکومت میں اہم ذمہ داری تفویض کیے جانے کا امکان ہے۔ہم نیوز کو اہم ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سابق ترجمان شہباز گل کو اس مرتبہ وزیراعظم عمران خان کا ترجمان بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اہم رہنما سینیٹر فیصل جاوید کو بھی

وفاقی حکومت میں اہم منصب تفویض کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس حوالے سے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔پنجاب میں گزشتہ چند روز کے دوران کی جانے والی اعلیٰ انتظامی تبدیلیوں کے بعد سیاسی تبدیلیوں کا اشارہ اس وقت ملا تھا جب فیاض الحسن چوہان کو ایک مرتبہ پھر صوبائی کابینہ میں بحیثیت وزیر اطلاعات شامل کیا گیا تھا۔فیاض الحسن چوہان کی نامزدگی سے قبل صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے وزیراطلاعات کے عہدے کا چارج واپس لے لیا گیا تھا۔