’’ نواز شریف زندہ باد، پنجاب پولیس مردہ باد ‘‘پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کرنیوالے وکلا کے نعرے،ویڈیو سامنے آگئی

لاہور(نیوز ڈیسک)’’ نواز شریف زندہ باد، پنجاب پولیس مردہ باد ‘‘ پنجاب کارڈیالوجی ہسپتال لاہور پر حملہ کرنے والے وکلاء کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز لاہور میں واقع پنجاب کے سب سے بڑے امراض قلب کے ہسپتال پی آئی سی پر وکلاء کی جانب سے کیے جانے والے حملے کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے۔اس ویڈیو میں مشتعل افراد کی جانب سے شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے۔ مشتعل افراد سابق وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے نواز شریف زندہ باد جبکہ پنجاب پولیس مردہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔واضح رہے کہ لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں وکلا نے ہنگامہ آرائی کر کے ہسپتال کے اندر اور باہر توڑ پھوڑ کی جس کے باعث طبی امداد نہ ملنے سے 4 مریض جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے ہسپتال کے گیٹ توڑتے

ہوئے ہسپتال میں داخل ہوگئے، وکلا نے نہ صرف ہسپتال پر پتھر برسائے بلکہ ہسپتال کی ایمرجنسی کے شیشے توڑے اس کے ساتھ ڈنڈوں اور لاتوں سے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔ہنگامہ آرائی کے باعث کچھ مریض ہسپتال نہیں پہنچ سکے جبکہ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ ڈاکٹروں کو دکھانے کے لیے آنے والے مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وکلا کی جانب سے ہسپتال کے آئی سی یو، سی سی یو اور آپریشن تھیٹر کی جانب بھی پیش قدمی کی گئی جبکہ ہسپتال کے کچھ عملے کی جانب سے بھی وکلا پر تشدد کیا گیا۔ہسپتال پر دھاوے، توڑ پھوڑ کے باعث اپنی جان بچانے لیے عملہ فوری طور پر باہر نکل گیا۔یہی نہیں بلکہ مشتعل وکلا نے میڈیا کے نمائندوں پر بھی پتھراؤ کیا جس سے ڈان نیوز ٹی وی کی خاتون رپورٹر کنزہ ملک زخمی ہوگئیں جبکہ ان کا موبائل بھی چھین لیا گیا۔