کسی کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی ،قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)لاہور میں گزشتہ روز وکلاء کی جانب سے دل کے اسپتال پر حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔یہ بات انہوں نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہی جو گزشتہ روز وکلاء کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنے تھے۔عمران خان نے کہا کہ معاملات کو صبر و تحمل کے ساتھ سلجھایا گیا اور شرپسندوں کی سازش ناکام ہوئی۔انہوں نے صوبائی وزیر کے موقع پر بروقت پہنچنے کی تعریف کرتے

ہوئے ان پر ہونے والے تشدد کی مذمت کی۔وزیراعظم نے معاملے کو جرات مندی کے ساتھ حل کرنے پر ان کے حوصلے کو سراہا اور کہا کہ فیاض الحسن چوہان جیسے لوگ پارٹی کا سرمایہ ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم کے درمیان بھی امن و امان کی صورتحال بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ کی جانب سے وزیراعظم کو پی آئی سی معاملے کی ابتدائی رپورٹ پر بریفنگ دی گئی۔گزشتہ روز وکلاء نے پی آئی سی پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور متعدد افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث تین افراد جاں بحق ہوگئے۔