پہلا میچ کراچی میں اور فائنل کس شہر میں ہوگا،پی ایس ایل 5کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے آغاز سے 50دن قبل لیگ کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے تحت ایونٹ کا افتتاحی میچ 20فروری کو کراچی جبکہ فائنل 22مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔پاکستان سپر لیگ سیزن کے 5ویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور یہ 22 مارچ تک جاری رہے گا جبکہ اس کے تمام 34 میچز پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔اس سلسلے میں پی سی بی نے اس دن کی مناسبت سے پاکستان کرکٹ کے گڑھ قذافی اسٹیڈیم کے داخلی دروازے کے باہر ایک کاؤنٹ ڈاؤن گھڑی بھی لگا دی ہے۔پاکستان سپر لیگ کے اس ایڈیشن کا پہلا

میچ دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنیٹرز اور فائنل کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے حصے میں آئے گی۔پی ایس یال کے 34 میچوں میں سے لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 14، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم 9، راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 8 اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم 3 میچوں کی میزبانی کرے گا۔شیڈول کے مطابق دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے 4 میچز کراچی، 3 لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی جبکہ پشاور زلمی اس ایڈیشن میں اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 کراچی جبکہ ایک، ایک میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔پی ایس ایل 2020 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے گی جبکہ کراچی کنگز اپنے ہوم گراؤنڈ کراچی میں 5 جبکہ 2، دو میچز لاہور اور راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی۔لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز اپنے 5 میچز لاہور، 3 ملتان جبکہ ایک، ایک راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔اسی طرح لاہور قلندرز کی ٹیم اس معاملے میں سب سے خوش قسمت ثابت ہوئی ہے اور وہ اپنے 8 میچز ہوم گراؤنڈ یعنی قذافی اسٹیڈیم جبکہ ایک، ایک میچ کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔