حارث رئوف کو آسٹریلین بگ بیش میں شاندار کاکردگی کا صلہ مل گیا

لاہور(نیوز ڈیسک)قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے بیگ بیش لیگ میں بہترین کارکردگی دکھانےوالے حارث رؤف کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا اشارہ دے دیا۔بگ بیش لیگ میں تہلکہ مچانےوالے26سالہ نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف باؤلنگ کوچ کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، ایک انٹرویو میں وقار یونس نے کہا کہ بگ بیش میں حارث رؤف کی کارکردگی شاندار رہی جس پر انہوں نے ہیڈکوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق سے حارث کو قومی ٹیم میں شامل کرنے سے متعلق بات کی۔ وقار یونس نے کہا کہ حارث رؤف نے فٹنس پر کام کیا، اب وہ مضبوط اعصاب کے حامل ذہین بولر ہیں،سلو بال بھی اچھی کرتے ہیں،بگ بیش لیگ میں ان کی کارکردگی دیکھ کر مجھے خوشی ہوئی،ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق سے ان کو پیس بیٹری میں شامل کرنے کیلیے بات ہوئی ہے،ہم پیسر کے ساتھ کام کریں گے، امید ہے کہ قومی ٹیم میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

بولنگ کوچ نے کہا کہ حسن علی نے اپنی پیس اور لائن و لینتھ کی بدولت دھاک بٹھائی،مسلسل 2سال کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے رفتار میں کمی آ گئی،انجریز بھی ہوئیں، ایکشن کی وجہ سے ان کی پسلیوں اور کمر پر دباؤ بڑھتا ہے،امید ہے کہ بحالی فٹنس کے بعد ایک ہفتے میں بولنگ شروع کردیں گے۔وقار یونس نے کہا کہ ہمیں ٹیسٹ ٹیم میں ایک آل راؤنڈر کی ضرورت ہے، فہیم اشرف کو سری لنکا کیخلاف سیریز میں موقع دینا چاہتے تھے لیکن انجری آڑے آگئی،ان کی فٹنس اور بیٹنگ بہتر بنانے کیلیے کام کریں گے،عثمان شنواری متاثر کن رہے، احسان عادل بھی ہماری نظر میں ہیں،بنگلادیش کیخلاف سیریز سے قبل بولرز کا کیمپ ہوگا،پی ایس ایل میں بھی نئے ٹیلنٹ کیلیے قومی ٹیم تک رسائی کا راستہ کھلا رکھیں گے،ہماری کوشش ہے کہ فٹنس اور فارم کے حامل ایسے بولرز کا پول دستیاب ہو جس میں سے فارمیٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے موزوں پیس بیٹری کا انتخاب کرسکیں۔