مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر میں مسلم کانفرنس نے ضم ہوگی یا نہیں؟ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر نے اہم اعلان کردیا

اسلام آباد (پی آئی ڈی) 9جنوری 2020وزیر اطلاعات،سیاحت،سپورٹس و امور نو جوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ایک سمندر ہے سمندر ندی نالوں میں ضم نہیں ہوتے جب تک آزاد کشمیر میں میاں نواز شریف کا ایک بھی چاہنے والا موجود ہے نواز لیگ قائم و دائم رہے گی، افواہ ساز فیکٹریاں آئے روز پروپیگنڈے کر کے سیاست میں خود کو زندہ رکھنے کی نا کام کوشش کر رہی ہیں، خواب خرگوش میں رہنے والے حقیقت کی دنیا میں آئیں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ نواز نے الیکشن سے لیکر آج تک جس طرح عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے انشاء اللہ آنے والا دور نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان میں بھی

مسلم لیگ نواز کا ہو گا، ریاست کے اندر گڈ گورننس اور میرٹ کی بالا دستی قائم کر رہے ہیں اداروں کی مضبوطی کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے مسلم لیگ ن اداروں کی مضبوطی کو ریاستی مضبوطی سمجھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مشتاق منہاس نے کہا کہ عوام کے مسترد شدہ لوگ افواہوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف عمل ہیں ن لیگ ایک سمندر کی مانندہے جو کسی ندی نالے میں شامل نہیں ہو سکتی آزاد کشمیر میں میاں نواز شریف کے لاکھوں چاہنے والے موجود ہیں اور ریاستی عوام نے میاں نواز شریف کے ویڑن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پوری ریاستی عوام نے میاں نواز شریف کے نمائندوں کو اپنا حق نمائندگی دیکر اسمبلی میں بھیجا ہے، انہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر گڈ گورننس اور میرٹ کی بالا دستی کے تحت کام ہو رہا ہے اداروں کو مضبوط کیا جا رہا ہے، گزشتہ ادوار میں بے ہنگم ٹریفک کیطرح کام کیا گیا اداروں کو تباہ اور اقرباء پروری کو پروان چڑھایا گیا، کرپشن اور لوٹ مار کر کے ریاست کی بنیادیں کمزور کی گئیں مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آ کر نہ صرف ریاستی اداروں کی مضبوطی کے دعوے کیے بلکہ عملی طور پر بجٹ دگنا کرنے کے علاوہ میرٹ اور قانون کی بالا دستی قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک ریاست پر حکمرانی کرنے والوں نے ریاست کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا تھا۔وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنا دو ٹوک موقف دیکر ریاستی عوام کے دلوں پر راج کیا ہے