بیرونی عناصرانتشار پھیلانےکی کوشش کررہے ہیں، عوام کیساتھ مل کرایسے بیرونی عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، عمران خان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بعض بیرونی عناصر قبائلی علاقوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، عوام کیساتھ مل کرایسے بیرونی عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، انضمام شدہ علاقوں کی تعمیروترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی۔جس میں صوبہ خیبر پختونخوا سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسی طرح وزیراعظم کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں کی رفتارکا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن طارق بنوری و دیگرسینئرافسران شریک ہوئے۔

خیبرپختونخوامیں توانائی، ہائرایجوکیشن، صحت، ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں خیبرپختونخوا میں واقع یونیورسٹیوں کی مالی ضروریات پربھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم کو ہائرایجوکیشن کمیشن کی مرتب کی جانے والی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کےعوام انتہائی باشعور ہیں۔ انضمام شدہ علاقوں کی تعمیروترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انضمام شدہ علاقوں کےعوام کومکمل طورپر باخبررکھا جائے۔تعلیم اورخصوصاً ہائرایجوکیشن میں سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بعض بیرونی عناصر ان علاقوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ عوام کے ساتھ مل کرایسے بیرونی عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا اسٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں لاہورہائیکورٹ کےپرویز مشرف بارے فیصلے پرغورسمیت سیاسی معاشی صورتحال پر بیانیہ سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔ وزیراعظم ایم کیوایم کے بارے میں حکومتی بیانیے پراسٹریٹجی کمیٹی کو آگاہ کریں گے۔ اسی طرح وزیراعظم دیگر اتحادیوں سے حکومتی روابط اور موجودہ صورتحال پر گفتگو کریں گے۔