محمد عامر کا نام قومی ٹیم سے نکال دیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے دعوی کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے سکواڈ میں ان کانام نہ آنے کی وجہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا ہے۔معروف سپورٹس اینکر زینب عباس کی جانب سے 27سالہ محمد عامر کا نام بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سکواڈ میں نہ آنے کے سوال پر پیسر نے جواب دیا”وجہ ہے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ“۔فاسٹ باؤلر نے جلد ہی اپنا یہ جواب ڈیلیٹ کرکے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مزید محنت کرکے قومی ٹیم میں واپسی کریں گے،انہوں نے لکھا کہ”کوئی پریشانی نہیں،

ہر کوئی اطمینان کرے،میں مزید محنت کرکے واپس آؤں گا،انشاء اللہ“۔محمد عامر کی جانب سے اپنا پرانا ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے پر ٹویٹر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔یاد رہے کہ محمد عامر نے گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کیا تھا جس پر سابق کرکٹرز اور ان کے مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ فاسٹ باؤلر کی جانب سے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرنے کے باوجود انہیں ایک بار پھر قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جس کے بعد یہ انکا فرض بنتا تھا کہ وہ پیسوں کو ترجیح دینے کی بجائے ملک کے مفاد کو مقدم رکھیں ۔