کپیٹل ٹی وی کا کیمرہ مین چینل کی طرف سے نوکری سے برخاست کا خط ملنے پر دل کا دورہ پڑنے سے خالق حقیقی سے جاملا

اسلام آباد(وہاب علوی سے)ایک اور میڈیا ورکرمیڈیامالکان کی بے حسی کی بھینٹ چڑھ گیا، مسلسل 10ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر کیپیٹل ٹی وی کا کیمرہ مین فیاض علی نوکرسے برخاست کا خط ملنے پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ تفصیلات کے مطابق کیپٹل ٹی وی کے نوجوان کیمرہ مین فیاض علی کو 10سے تنخواہ نہیں ملی تھی ۔ اس کے بچوں کا تعلیمی سلسلہ فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے منقطع ہو چکا تھا ۔فیاض احمد کو چار ماہ سے گھر کا کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک مکان کی طرف سے نوٹس بھی مل چکا تھا اور گالم گلوچ کا بھی سامنا تھا ، فیاض ملک کے والد شدید علیل تھے اور اس کے پاس علاج کیلئے پیسے نہیں تھے ۔

حالات سے مجبور بے بس فیاض علی شدید ذہنی دبائو کا شکار تھا۔گزشتہ روز فیاض چار گھنٹہ ٹی وی انتظامیہ کے ایڈمن افسر کے پاس اپنی تنخواہ کے حصول کیلئے بیٹھا رہا لیکن ایک ماہ کی تنخواہ بھی نہیں ملی بلکہ تنخواہ مانگنے کے جرم میں تین گھنٹے بعد ملازمت سے برطرفی کا خط جاری کر دیا گیا ۔ فیاض احمد مایوسی کے عالم میں گھر گیا اور گھر میں شدید ڈپریشن برداشت نہیں کر پایا ۔فیاض احمد کو دل کا دورہ پڑا گھر والے محلے دار سے ادھار لے کر ٹیکسی میں سرکاری ہسپتال پہنچے لیکن فیاض احمد اس دنیا سے جا چکا تھا ۔یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار وزیراعظم عمران خان ، چیف جسٹس اور چیئرمین پیمرا اسکا نوٹس کیوں نہیں لے رہے؟واضح رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل بھی اس قبل بھی اسی طرح کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔ایک واقعہ میں لاہور کے نجی چینل کے ملازم نے تنخواہیں نہ ملنے پر خودکشی کر کے موت کو گلے لگا لیا تھا۔واضح رہے کہ پبلک نیوز ٹی وی چینل میں کام کرنے والے ورکرز تقریباََ دس ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، اوپر سے تنخواہ مانگنے اور اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے پر نوکری سے نکالے جانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ واضح رہے کہ ملک خداد میں میڈیا سیکٹر اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ میڈیا ہاؤسز میں ڈاؤن سائزنگ کی گزشتہ لہر سے ہزاروں صحافی بیروزگار ہو چکے ہیں۔